پی پی ایل کی جانب سے رینجرزاسپیشل چلڈرن اسکول کی اعانت

کراچی ، 16 مارچ2017 : پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) نے قائداعظم رینجرز اسپیشل چلڈرن اسکول(کیو آر ایس سی ایس)، کراچی کو 10مستحق طالب علموں کی10سال کی مدت میں میٹرک تک تعلیم حاصل کرنے کے لئے ماہانہ فیس کی ادائیگی کے لئے 3.6 ملین روپے کا عطیہ دیا۔ پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای اوسید وامق بخاری نے اسکول میں منعقد ہونے والی ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں دونوں اداروں کے اہلکاروں کی موجودگی میں کیو آر ایس سی ایس کی پرنسپل زاہدہ جلیس کو عطیے کا چیک پیش کیا۔

اس موقع پر وامق بخاری نے کہا " ایک ذمہ دار قومی کمپنی ہونے کی حیثیت سے، پی پی ایل پسماندہ طبقے کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے کے عہد پر کاربندہے اس میں وہ افراد بھی شامل ہیں جنہیں خصوصی توجہ کی ضرورت پڑتی ہے اور اس مقصد کے لئے ایک قابلِ عمل اور متفرق سی ایس آرپروگرام کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔ہم نے ملک بھر میں معذورافراد کے لئے تعلیم اور کھیل کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات میں تعاون کیا ہے تاکہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے عام افراد کی طرح زندگی گزارنے کے قابل بن سکیں" ۔

کمپنی کو گزشتہ 12 سالوں سے مسلسل پاکستان سینٹر فار فیلنتھراپی کی جانب سے عطیات کے مجموعی حجم کے لحاظ سے کا رپوریٹ سیکٹر میں سب سے زیادہ فلاحی امداد دینے والے اداروں میں سے ایک کی حیثیت سے تسلیم کیا گیا ہے۔کمپنی نے 2016-2015 میں سی ایس آ ر اقدامات کے لئے 990 ملین روپے سے زائد اخراجات کئے ہیں۔

کیو آر ایس سی ایس کا قیام 2012 میں اسپیشل بچوں ، خصوصاً پسماند ہ آبادی سے تعلق رکھنے والو ںکو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے عمل میں آیا۔ اسکول میں سماعت ، بینائی اورذہنی معذوری کے شکار طالب علموں کی تربیت کے لئے مخصوص شعبے ترتیب دیئے گئے ہیں جو جدید سہولیات اور قابل اساتذہ کی خدمات پر مبنی ہیں۔رسمی نصاب اورحسبِ ضرورت تربیت کے علاوہ کیو آر ایس سی ایس طالب علموں کی مربوط نشونما کے لئے کمپیوٹر اور ووکیشنل تربیت کے ساتھ ساتھ کھیلوںپر بھی توجہ دیتا ہے تاکہ وہ بھی زندگی کے مرکزی دھارے میں شامل ہو سکیں۔