پی پی ایل آپریٹڈگمبٹ ساﺅتھ بلاک نے گیس کی قومی فراہمی میں یومیہ 35 ایم ایم ایس سی ایف شامل کر دیئے

سانگھڑ،23 دسمبر2016 : وفاقی وزیر برائے پیٹرولئیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ(پی پی ایل) کی جانب سے منعقد کردہ ایک تقریب میں گمبٹ ساﺅتھ بلاک میں حال ہی میں شروع کی گئی یومیہ50 ایم ایم ایس سی ایف گیس پروسیسنگ کی سہولت (جی پی ایف۔ (II کا باقائدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں صوبائی و مقامی حکومتوں کے عہدے داران، علاقائی عمائدین اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

جی پی ایف۔ II جوکہ اس وقت اپنی مکمل صلاحیت پر کام کررہا ہے، یومیہ 35 ایم ایم ایس سی ایف پائپ لائن کے معیار کی فروخت ہونے والی گیس ،یومیہ 680 بیرل کنڈنسیٹ اور12 ایم ٹی ڈی ایل پی جی کی پیداوار دے رہا ہے جو کہ سالانہ2.3 سے زائد ایم ایم بی او ای کے برابر ہے ، جس کے نتیجے میں سالانہ105 ملین امریکی ڈالرزکے زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔

ضلع سانگھڑ، سند ھ میں واقع گمبٹ ساﺅتھ بلاک میں پی پی ایل 65فیصد کاروباری حصہ داری کے ساتھ آپریٹر ہے۔ اب تک اس بلاک میں آٹھ دریافتیں -وافق، شہداد، شرف، کنزہ، فیض(دو فارمیشنز)، کبیر اور حاتم -سے ہوچکی ہیں۔ان میں سے شہداد 2015 کے وسط سے جاری جی پی ایف۔I کے ذریعے یومیہ6 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور یومیہ 80 بیرل کنڈنسیٹ کی پیداوار دے رہا ہے۔

اپنے خطبہءاستقبالیہ میں ، ایم ڈی و سی ای اوسید وامق بخاری نے کمپنی کے دریافتی و پیداواری پروگرام کا جائزہ پیش کیا جس میں گمبٹ ساﺅتھ بلاک سے پیداوار میں اضافے کی کوششوں کا خصوصی تذکرہ کیا۔ انہوں نے پی پی ایل کی حالیہ کامیابیوں بشمول خالص پیداوار کا Bcfpde 1کے ہدف سے تجاوز کر نے کے ساتھ ساتھ حالیہ سال میں کھدائی کے سرگرم پروگرام جس میں ریکارڈ 28 کنوﺅں کی کھدائی شامل ہے ،کے بارے میں بھی بتایا۔ علاوہ ازیں، وامق بخاری نے ضلع سانگھڑ سمیت صوبہءسند ھ میں پی پی ایل کے سماجی بھلائی کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے توانائی کی طلب و رسد کے درمیان فرق کو کم کرنے کے حکومتی عہد کو پورا کرنے میں پی پی ایل کی کوششوں اور تعاون کی تعریف کی۔

آنے والے وقت میں پی پی ایل اس بلاک سے اضافی ذخائر سے پیداوار حاصل کرنے کے لئے یومیہ60 ایم ایم ایس سی ایف کی پیداواری صلاحیت کے حامل جی پی ایف ۔III کی تنصیب کا ارادہ رکھتی ہے۔جی پی ایف III کی تکمیل 2017 کے اختتام تک متوقع ہے۔