انڈس ہسپتال میں پی پی ایل کے تعاون سے تعمیر ہونے والے این آئی سی یو کا افتتاح

کراچی،2 مئی2017 :پا کستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے ایم ڈی و سی ای اوسید وامق بخاری نے انڈس ہسپتال (آئی ایچ ) کے شیخ سعید میموریل کمپلکس (ایس ایس ایم سی)، کراچی میں پی پی ایل کے تعاون سے تعمیر ہونے والے بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ(این آئی سی یو) کا افتتاح کیا۔ آئی ایچ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان اور سینئرمینیجرایڈمنسٹریشن، ایس ایس ایم سی فرح باری کے ساتھ ساتھ دونوں اداروں کے نمائندوں کے ہمراہ تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وامق بخاری نے پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبودبالخصوص ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے ایک ذمہ دار قومی ادارے کے طور پر پی پی ایل کے کردار اور اس کے عزم پر روشنی ڈالی۔

قبل ازیں دسمبر 2016 میں ، پی پی ایل نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) پروگرام کے تحت کورنگی ، کراچی میں واقع انڈس ہسپتال کے شیخ سعید میموریل کمپلکس میں جدید سہولیات سے آراستہ این آئی سی یو کو قابل عمل بنانے کے لئے 12.4 ملین روپے کے عطیات دیئے ۔ جس سے اس علاقے میں رہنے والے 5 لاکھ افراد سے زائد کے علاوہ دیگر علاقوں سے آنے والے مریض بھی مستفید ہو سکیں گے۔

پسماندہ آبادیوں کو معیاری علاج و معالجے کی سہولیات مفت فراہم کرنے کے لئے آئی ایچ کا قیام 2007 میں عمل میں آیا۔اس وقت ، آئی ایچ ملک میں موجود 8 مراکزکے ذریعے روزآنہ تقریباً1000 اندرونی و بیرونی مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

News Image

(درمیان میں) پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای اوسید وامق بخاری (بائیں سے تیسرے اور چوتھے )آئی ایچ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان اور سینئرمینیجرایڈمنسٹریشن، ایس ایس ایم سی فرح باری و دیگر