پی پی ایل کامرشد ہسپتال کے لئے آلات کا عطیہ

کراچی ، 19 اگست2016 : پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) نے مرشد ہسپتال و ہیلتھ کئیر سینٹر(ایم ایچ ایچ سی سی ) ، حب کے مختلف شعبہ جات کے لئے 20 ملین روپے مالیت کے طبی آلات کا عطیہ دیا۔ پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای او سید وامق بخاری نے 19 اگست کو ہسپتال میں منعقد ہونے والی ایک سادہ تقریب میں طبی آلات ایم ایچ ایچ سی سی کے میڈیکل ڈائریکٹرڈاکٹر عبدالستار جعفر کے حوالے کئے۔ تقریب میں ایم ایچ ایچ سی سی کے چیئر مین عبدالرزاق جعفر سمیت دونوں اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔

وامق بخاری نے مستحق مقامی آبادی اوربلوچستان کے مضافاتی علاقوں سے آنے والے افراد کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے پر ایم ایچ ایچ سی سی کو سراہا۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایک سرفہرست ای اینڈ پی کمپنی ہونے کے ناطے پی پی ایل نہ صرف اپنے کاروبار کے ذریعے بلکہ قابلِ عمل ترقی کے اقدامات پر عمل درآمد کرکے پسماندہ طبقے کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے قوم کی خدمت انجام دے رہی ہے۔

پی پی ایل اپنے قبل از ٹیکس منافع کا سالانہ 1.5 فیصدکارپوریٹ سماجی ذمہ داری اقدامات کے لئے مختص کرتی ہے جو گذشتہ مالی سال میں 5 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ کمپنی کو گزشتہ 11 سالوں سے مسلسل پاکستان سینٹر فار فیلنتھراپی کی جانب سے عطیات کے مجموعی حجم کے لحاظ سے کا رپوریٹ سیکٹر میں سب سے زیادہ فلاحی امداد دینے والے ادارے کی حیثیت سے تسلیم کیا جا رہا ہے۔

1987 میں قائم ہونے والا ،ایم ایچ ایچ سی سی حب ، کراچی اب 150 بستروں پر مشتمل ہسپتال ہے۔ہسپتال میں مردانہ و زنانہ وارڈز، انتہائی نگہداشت یونٹ، آپریٹنگ تھیٹرز، بلڈ بنک اور 24 گھنٹے ایمرجنسی شعبے کے ساتھ ساتھ جراحی کی سہولت ہے جو 300 سے زائد قابل عملے کے زیر ِ انتظام ہے۔ کراچی کے مضافات میں رہائش پذیر مقامی آبادی اوربلوچستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں تک رسائی کے نقطئہ نظر سے تیار کیا گیا ایم ایچ ایچ سی سی گذشتہ 25 برسوں سے جدید سہولیات سے آراستہ واحد طبّی سہولت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

(دائیں سے دوسرے) پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای او سید وامق بخاری کو پی پی ایل کی جانب سے مرشد ہسپتال اینڈ ہیلتھ کئیر سینٹر(ایم ایچ ایچ سی) کو عطیہ کئے گئے طبّی آلات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے۔ (دائیں سے تیسرے) میڈیکل ڈائیریکٹر ایم ایچ ایچ سی ڈاکٹر عبدالستار جعفربھی اس موقع پر موجود ہیں۔