پی پی ایل بلوچستان فٹبال کپ کی رونمائی

کوئٹہ، 2 مارچ 2017 :پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) کے ایم ڈی وسی ای او سید وامق بخاری، پی پی ایل بلوچستان فٹبال کپ 2017 کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین سردار نوید حیدر خان اوربلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر رؤف نوٹزئی نے 2 مارچ کو سرینہ ہوٹل، کوئٹہ میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں پی پی ایل بلوچستان فٹبال کپ 2017 کی ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔ تقریب میں شرکاءکی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل حاجی سعید ٹکو، ٹورنامنٹ کے سفیر، میڈیا کے نمائندے اور دیگر مہمانان بھی اس موقع پر موجود تھے

تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وامق بخاری نے کہا کہ " 2016 میں منعقد کئے گئے فٹبا ل ٹورنامنٹ سے صوبے میں کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ ملا، اب ہم پی پی ایل بلوچستان فٹبال کپ 2017 کے انعقاد سے اس کھیل کو مزید ترقی دینا چاہتے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ ضلعے سے صوبائی سطح تک مقامی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع فراہم کرے گا۔ ہم اپنے طویل مدتی سی ایس آر پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے پسماندہ لوگوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے اور ان میں امید کی کرن پیدا کرنے کے عہد پر کاربند ہیں"۔

وامق بخاری نے صوبائی حکومت، پاکستان فٹبال فیڈریشن، بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن اور ٹورنامنٹ کے سفیر محمد عیسیٰ خان، زاہد حمید، سعد اللہ، شیر علی ، نصراللہ خان اور محمود علی کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس میگا ایونٹ میں 37 ٹیمیں حصہ لیں گیں جن میں گذشتہ سال ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی چھ صوبائی ڈویژنز کوئٹہ ، قلات، مکران، سبی، ژوب اور نصیر آباد کی 32 ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ جو 10 تا18 مارچ کے درمیان راؤنڈ میچزمیں حصہ لیں گیں۔ جس کے بعد فائنل راؤنڈکا آغاز20 مارچ سے ہوگا۔پچھلے سال کے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے 33 میچز کے مقابلے میں اس سال 74 میچز کھیلے جائیں گے۔سیمی فائنلز31 مارچ اور فائنل میچ 2 اپریل کو صادق شہید فٹبال اسٹیڈیم(مالی باغ) میں کھیلے جائیں گے۔

پی پی ایل نے د یگر اخراجات کے ساتھ ساتھ ضلعی سطح اور فائنل راؤنڈ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے لئے پرکشش مراعات اور انعامات کے علاوہ کھلاڑیوںکوکٹ بھی فراہم کی تاکہ وہ پیشہ وارانہ انداز سے ٹورنامنٹ میں شرکت کر سکیں۔