پی پی ایل کی گمبٹ ساؤتھ بلاک میں ایک اور دریافت

کراچی،یکم مئی 2017 : پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) ،جوگمبٹ ساؤتھ بلاک میں65فیصد کاروباری حصہ داری کے ساتھ بحیثیت آپریٹر اپنے شراکت داروں گورنمنٹ ہولڈنگز (پرا ئیویٹ) لمیٹڈ اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ جن کی ساجھے داری بالترتیب 25 اور 10فیصدہے، نے ضلع سانگھڑ، صوبہءسند ھ میں دریافتی کنوئیں ظا فر X-1سے گیس کی ایک اور دریافت کا اعلان کر دیاہے۔

ظافرX-1کی کھدائی کا آغاز14 مارچ2017 کو ہوا جسے 12 اپریل 2017 تک3,928 میٹرکی حتمی گہرائی تک پہنچایا گیا ۔ وائر لائن لوگز کی بنیاد پر ہائیڈروکاربن رکھنے والے کئی زونز کی نشاندہی کی گئی جن کی جانچ جاری ہے ۔لوورگورو فارمیشن کی میسو سینڈ میں 48/64انچ چوک سائز پرابتدائی جانچ کے دوران یومیہ 29.2 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور 310 بیرل کنڈنسیٹ حاصل ہوئے۔جس سے ظا فر X-1میں تجارتی مقا صد کے لئے ہائیڈ رو کاربن کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

کنوئیں سے گیس کے بہاؤ کی رفتار کا تعین کرنے کے لئے مختلف چوک سائزوں پر اس سے( گیس و کنڈنسیٹ) بہا ؤ حاصل کیا جارہا ہے ۔ تاہم کنوئیں سے پیداوار کے حصول کی مجموعی صلاحیت کا تعین جانچ کے مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔۔ اس دریافت سے ہائیڈرو کاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک میں توانائی کے موجودہ بحران کے تناظر میں تیل وگیس کی طلب اور رسد کے مابین فرق میں کمی کرنے میں مدد ملے گی۔