پی پی ایل کی آدہی فیلڈ سے پیداوار میں اضافے کے لئے ایل پی جی/این جی ایل پلانٹIIIکی تنصیب

گوجر خان، راولپنڈی:5 جنوری2016 : وفاقی وزیرِ پٹرولئیم و قدرتی وسائل(ایم پی اینڈ این آر) شاہد خاقان عباسی نے 5 جنوری کو پی پی ایل کی گوجر خان ، راولپنڈی میں واقع آدہی فیلڈ میں مائع پٹرولئیم گیس (ایل پی جی)/ قدرتی گیس مائع (این جی ایل) پلانٹIII کا افتتاح کیا۔

ممبرانِ قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص اورملک ابرار احمد کے ساتھ ساتھ صوبائی اور مقامی حکومتوں کے نمائندوں، میڈیا اور پی پی ایل کی انتظامیہ و عملے نے بھی شرکت کی۔

آدہی پلانٹ III کی تنصیب کا فیصلہ 2010-2011 کے دوران آدہی فیلڈ میں (compositional reservoir study) ذ خائرکی کیمیائی ترکیب کے حوالے سے ہونے والی تحقیق کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔تحقیق کے نتیجے میں فیلڈ میں آٹھ اضافی ڈیویلپمنٹ کنوؤں کی کھدائی کی منصوبہ بندی کی گئی ، جن میں سے 6 پہلے ہی کھودے جا چکے ہیں، ساتھ ہی پلانٹ کی تنصیب کی ضرورت اجاگر کی گئی۔ یومیہ25 MMscf گیس ، 150 tonnes ایل پی جی اور 5500 بیرل خام آئل/کنڈنسیٹ کی پیداواری صلاحیت کے حامل نئے پلانٹ جس نے گذشتہ سال نومبر سے جزوی طو ر پر کام شروع کردیا تھا، سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کی توقع ہے۔

وفاقی وزیر و دیگرمہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای او سید وامق بخاری نے کمپنی کی حالیہ کامیابیوں اور طے کئے جانے والے سنگ میل کے بارے میں بتایا۔ساتھ ہی اپنے آپریشنل علاقوں اور اس کے گرد ونواح ، خصوصاً آدہی کی پسماندہ آبادی کے لئے کارپوریٹ سماجی بھلائی پروگرام کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اپنے خطاب میں، شاہد خاقان عباسی نے پی پی ایل او راس کے کاروباری شراکت دار وں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل) اور پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) کو پلانٹ کے باقائدہ افتتاح پر مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کمپنیوں سے کہا کہ وہ ہائیڈروکاربن کی زیاد ہ سے زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے اپنی کوششوں کو دگنا کردیں تاکہ ملک میں تیل و گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کو جلد سے جلد پورا کیا جا سکے۔

اسلام آباد سے 70 کلومیٹر جنوب میں پوٹوہار کے علاقے میں واقع آدہی فیلڈ پی پی ایل، او جی ڈی سی ایل اور پی او ایل کامشترکہ کاروباری وینچرہے، جس میں پی پی ایل آپریٹر ہے۔ اس وقت فیلڈ میں 16 کنوئیں پیداوار دے رہے ہیں جن سے روز آنہ اوسطاً پیداوار تقریباً 50 MMscfگیس، 2000 بیرل این جی ایل، 4500 بیرل تیل اور 155 ٹن ایل پی جی ہے۔

آدہی فیلڈ سے پیداوار بڑھانے کے لئے ترقیاتی کام جاری ہیں، جن میں اضافی پیداواری کنوؤں کی کھدائی اور ویل ہیڈ کمپریشن کی تنصیب شامل ہے۔