سب سے بڑے اسپانسرڈ فٹبال ٹورنامنٹ، پی پی ایل بلوچستان کپ 2017 کا آغاز

کراچی،9 مارچ 2017 : ملک کی حالیہ تاریخ میں کسی بھی ادارے کے تعاون سے منعقد ہونے والے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ(پی پی ایل) بلوچستان فٹبال کپ2017 کاآغاز10 مارچ کو ہونے جارہا ہے۔جس کے ضلعی سطح پر ہونے والے میچز صوبے کے چھ ڈویژنز کوئٹہ ، قلات، مکران، سبّی، ژوب اور نصیر آباد میں کھیلے جائیں گے جو18 مارچ تک جاری رہیں گے ۔ جس کے بعد 20 مارچ سے فائنل راؤنڈ شروع ہوں گے۔ سیمی فائنلز 31 مارچ کوجبکہ فائنل میچ2اپریل کوصادق شہید فٹبال اسٹیڈیم(مالی باغ)، کوئٹہ میں منعقد کئے جائیں گے۔ مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں74 میچزکھیلے جائیں گے جن میں 35 ٹیمیں حصہ لیں گیں ۔

پہلے دن چھ راؤنڈ میچزنصیر آباد بمقابلہ صحبت پور، خاران بمقابلہ قلات، قلعہ سیف اللہ بمقابلہ بارکھان، کوئٹہ ڈی ایف اے2 بمقابلہ پشین، گوادر بمقابلہ پسنی کھیلے جائیں گے جبکہ ڈیرہ بگٹی کی ٹیم کو لہو کے مدمقابل آئے گی۔

پی پی ایل بلوچستان فٹبال کپ 2016 کے بعد بلوچستان کی عوام سے کئے گئے اپنے وعدے کے مطابق پی پی ایل اس کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی کررہی ہے۔ اس کابنیادی مقصد پی پی ایل کی جانب سے طویل مدت سے مقامی آبادی کی فلاح وبہبود کے لئے کوشاں رہنے کے اپنے عہد پر کاربند رہتے ہوئے بنیادی سطح پر مقامی نوجوانوں کوصحت مندتفریح کے مواقع اور ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے نہ صرف ٹیلنٹ کو پہچانا جاسکے بلکہ اسے پروان بھی چڑھایا جاسکے۔

ٹورنامنٹ کا انعقاد حکومتِ بلوچستان، پاکستان فٹبال فیڈریشن اور بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔سابق قومی فٹبالرز محمد عیسیٰ خان ،نصراللہ خان، شیر علی، سعداللہ، محمود علی اور زاہد حمید ٹورنامنٹ کے سفیر ہیں۔

پی پی ایل، ضلعی سطح پر اور فائنل راؤنڈ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو پرکشش مراعات فراہم کرے گی۔ساتھ ہی دیگر اخراجات کے علاوہ کمپنی کھلاڑیوں کو اسپورٹس کٹ بھی مہیا کرے گی تاکہ تمام علاقو ں سے کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو ممکن بنایا جا سکے۔ کمپنی نے بلوچستان میں ان فٹبال گراؤنڈ زکی تزئین و آرائش پر بھی اخراجات کئے ہیں جہاں راؤنڈ اور فائنل میچز کھیلے جائیں گے۔