این ای ڈی میں پی پی ایل چیئر کے لئے گرانٹ

کراچی ،7 جون 2017 : " ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے ایک اہم شراکت دارکے طور پر پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) اپنے سی ایس آر پروگرام کے تحت تعلیمی ادارو ں اور صنعت کے اشتراک سے دریافتی و پیداواری شعبے میں انسانی وسائل کی ترقی اور جدیدٹیکنالوجی کے استعمال میں سرمایہ کاری کرنے کے عہد پر پابند ہے" ۔ ان خیالات کا اظہار پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای او سید وامق بخاری نے این ای ڈی یونی ورسٹی برائے انجینئیرنگ و ٹیکنالوجی میں پیٹرولیم انجینئیرنگ کی پی پی ایل چئیرکے لئے پہلی قسط کی ادائیگی کے دوران کیا۔ اس ضمن میں، کمپنی آئندہ پانچ سالوں میں مجموعی طور پر 50 ملین روپے دینے کا ارادہ رکھتی ہے جس کی سالانہ ادائیگی تقریباً10 ملین روپے بنتی ہے۔

شعبہءپیٹرولئیم انجینئیرنگ، این ای ڈی کے چیئرمین پروفیسرعابد مرتضیٰ خان اور این ای ڈی میں پی پی ایل چیئر ڈاکٹر سید محمد طارق نے7 جون کو کمپنی کے ہیڈآفس میں منعقد ہونے والی ایک سادہ تقریب میں وامق بخاری سے چیک وصول کیا۔اس موقع پر دونوں اداروں کے دیگر عہدے داران بھی موجود تھے۔

این ای ڈی میں پی پی ایل چیئر جو کہ پہلے ہی قائم ہو چکی تھی، اگست 2016 میں ایک کُل وقتی پروفیسر کی خدمات حاصل کرکے فعال ہوئی۔ اس چیئر کے قیام کا مقصد مستقبل کے لئے انسانی وسائل کی دستیابی کے حوالے سے موجودہ گریجویٹ پر وگرام میں تحقیق و ترقی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ساتھ ہی پیٹرولئیم انجینئرنگ میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری بھی شروع کی جائے گی۔ مزید برآں، اس چیئر کے تحت معروف غیر ملکی اداروں سے تعاون بڑھایا جائے گا۔

کمپنی نے ملک کی سرفہرست پبلک اور پرائیویٹ شعبے کی جامعات میں چیئر قائم کی ہیں جن میں مہران یونی ورسٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی، جامشورو کے لئے پیٹرولئیم انجینئرنگ کی چیئر کے ساتھ ساتھ بحریہ یونی ورسٹی ، کراچی کیمپس اور سند ھ یونی ورسٹی،جامشورو میں دو جیو فزکس چیئر شامل ہیں۔