وامق بخاری نے پی پی ایل کے تعاون سے تعمیر ہونے والے وارڈ کا افتتاح کیا

کراچی،11 دسمبر2015 : پاکستان پٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے ایم ڈی و سی ای او سید وامق بخاری نے لانڈھی ، کراچی میں واقع کوہی گوٹھ ہسپتال (کے جی ایچ)میں کمپنی کے تعاون سے تعمیر کئے جانے والے 25 بستروں پرمشتمل وارڈ کا افتتاح کیا۔

وامق بخاری کے ہمراہ ڈی ایم ڈ ی ڈاکٹر فرید اقبال صدیقی و دیگر عملے کو کے جی ایچ کے صدر ڈاکٹر ٹیپو سلطان، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید سراج الدولہ اور ہیڈ آف ریسورس آغا عدنان نے خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وامق بخاری نے ہسپتال میں اس سہولت کے اضافے پراطمینان کا اظہار کیا،جو 2006 سے پسماندہ مقامی آبادی کی مفت خدمت انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) پروگرام کے تحت قوم کی خدمت کرنے کے لئے یہ پی پی ایل کی اخلاقی ذمہ داری ہے جس کے لئے بجٹ میں قبل از ٹیکس منافع کا 1.5 فیصد سی ایس آرسرگرمیوں کے لئے مختص کیا جاتا ہے جبکہ حقیقی اخراجات 2.5 فیصد تک جا پہنچتے ہیں۔

کے جی ایچ200 بستروں پر مشتمل ہیلتھ کیئر سینٹر ہے جہاں زچگی اور امراضِ نسواں کے علاج کی خدمات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ یہ ہسپتال پسماندہ خواتین بالخصوص سند ھ اور بلوچستان سے آئی ہوئی ان مریضوں کی بحالی کی خدمات انجام دے رہا ہے جو زچگی کے بعدتناسلی (یورولوجی )امراض کا شکا ر ہو جاتی ہیں۔یہ جنوبی ایشیا کا واحد خیراتی فسٹیولا ٹریٹمنٹ سینٹر ہے جو علاج کے علاوہ جدید سہولیات سے آراستہ لپرواسکوپی سرجری اورفسٹیولا مینجمنٹ کی تربیت بھی فراہم کرتا ہے۔