پی پی ایل کااے سی ای ایل پی کے لئے عطیہ

کراچی ، 4 اگست2017 : پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) نے ایموشنل اور لرننگ دشواریوں کےحامل بچوں کی ایسوسی ایشن (اے سی ای ایل پی) کوووکیشنل تربیتی ورکشاپ کے آلات اوربچوں کوآمد ورفت کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے گاڑی کی خریداری کے لئے 6.8ملین روپے کا عطیہ دیا۔

پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای او سید وامق بخاری نے کمپنی کے صدر دفتر ، کراچی میں منعقدہ ایک ساد ہ تقریب میں اے سی ای ایل پی کی صدرزینب مہر حسن کو دونوں اداروں کے اہلکاروں کی موجودگی میں عطیے کا چیک پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وامق بخاری نے کہا کہ" تیل و گیس کی دریافت وپیداوار سے وابسطہ اداروں میں صفِ اوّل کی قومی کمپنی ہونے کے ناطے ہم ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جن میں ترجیحی بنیادو ں پر تعلیم ، صحت اور پیشہ وارانہ مہارت میں اضافے ، خصوصاً خواتین اورخصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لئے ترقی کے مواقع شامل ہیں۔ساتھ ہی ہمارا یقین ہے کہ معیاری تعلیم اور بہترین توجہ سے ان کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

پیشہ وارانہ افراد کے ایک جانفشاں گروپ کی جانب سے ایک رضاکارانہ کاوش کے طور پر 1974 میں قائم کیا گیا ،اے سی ای ایل پی تشخیص ،تدریس اور ووکیشنل تربیت کے ذریعے خصوصی توجہ کے متقاضی بچوں کو مرکزی دھار ے میں شامل کرنے کے لئے جدو جہد کرتاہے۔ اے سی ای ایل پی تمام عمر کے بچوں کو داخلے فراہم کرتا ہے اور انفرادی ترقی کی ضروریات کو مدِ نظرر کھتے ہوئے ہر طالبعلم کو سیکھنے کے لئے مخصوص فریم ورک مہیا کرتا ہے۔ ساتھ ہی بڑے ہوتے بچوں/ نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے کے لئے تربیت پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے تاکہ انہیں روزگار حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔پی پی ایل کی معاونت سے اے سی ای ایل پی کے مختلف ووکیشنل تربیتی یونٹس بشمول کمپیوٹر اورکھانا پکانے و پیش کرنے کی مہارتی لیب اورسلائی کے ساتھ ساتھ کاغذ بنانے اوربلاک پرنٹنگ کی ورکشاپ کو فعال کرنے میں مددملے گی۔